حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نجف اشرف کے شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے زائرین چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے ہمراہ نجف اشرف اور کربلائے معلی کے درمیان پیدل مارچ میں شرکت کی۔
انہوں نے چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے کربلائے معلی کی جانب پیدل مارچ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: زیارت امام حسین علیہ السلام امت کے لئے راہ نجات ہے اور زائرین، امام حسین علیہ السلام کی حمایت اور حفاظت میں ہیں اور امام حسین علیہ السلام کے خادم اور زائرین کا خدا کے نزدیک بہت بڑا مقام ہے۔
آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے خدا کی بارگاہ میں دنیا بھر کے لوگوں اور بالخصوص شیعیان اہلبیت علیھم السلام کے لیے طلب رحمت کرتے ہوئے کرونا وائرس سے نجات کی دعا کی۔
اس شیعہ مرجع تقلید نے امام حسین علیہ السلام کے خادموں اور زائرینِ ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کی خدمت کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لئے دعا کی۔
آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کے دفتر کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ علی نجفی نے کہا: خداوند متعال کے نزدیک زیارت اربعین کا خاص مقام و منزلت ہے اس لئے آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے پیدل مارچ میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی۔
آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے بھی چہلم سید الشہداء علیہ السلام کی مناسبت سے اپنے بیانیے میں حفظان صحت کے اصولوں کی رعایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ زیارت چہلم سید الشہداء علیہ السلام ایک امانت ہے کہ جس کو اس کے اہل افراد تک پہنچایا جائے کیونکہ اسلام کی بقا، زیارت چہلم سید الشہداء علیہ السلام کی بقا میں ہے۔